بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے کارپوریٹروں کی طرف سے طے کیاگیا تھاکہ جب بھی بی بی ایم پی کونسل میٹنگ کا اہتمام ہوگا کارپوریٹروں کے کھانے کے لئے انتظام اندرا کینٹین کی طرف سے کیاجائے گا لیکن گزشتہ روز پہلی ہی میٹنگ میں اندرا کینٹین کا کھانا کھانے میں کارپوریٹروں کی عدم دلچسپی کے سبب آج کی میٹنگ میں کھانے کا نظام سابقہ معمول کے مطابق بحال کردیاگیا اور اندرا کینٹین کو دی گئی ذمہ داری واپس لے لی گئی۔ آج کونسل کی میٹنگ میں اراکین کے لئے کھانے کا انتظام سابقہ معمول کے مطابق بحال رہا اور اس سے واضح اشارہ بھی مل گیا کہ ایک ہی دن میں اندرا کینٹین کا کھانا شہر کے منتخب نمائندوں کو پسند نہیں آیا۔ سابق میئر سمپت راج نے طے کیاتھاکہ بی بی ایم پی میں میٹنگ کے دوران کھانے پر جو خرچ آتا ہے اسے کم کرنے کے لئے سبھی کارپوریٹروں کو اندرا کینٹین کے کھانے کا انتظام کیاجائے گا۔ موجودہ میئر گنگامبیکے نے اس نظام کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے مطابق گزشتہ روز پہلی میٹنگ میں اندرا کینٹین سے کھانا منگوایا گیا۔حالانکہ یہ میٹنگ آنجہانی ڈپٹی میئر رمیلا اوما شنکر کی تعزیت ادا کرنے کے بعد ختم ہوگئی۔ لیکن میٹنگ کے لئے منگوائے گئے کھانے کی طرف کسی نے رخ نہیں کیا۔ 500 افراد کے لئے کھانا منگوایا گیا تو میئر گنگامبیکے سمیت صرف دو سو افراد ہی کھانا کھانے پہنچے ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے میئر اور بی بی ایم پی کمشنر نے آج میٹنگ کے دوران کھانے کے سابقہ نظام کو بحال کردیا۔